فکر اقبال فورم گوجرانوالہ کے زیر اہتمام تفہیم اقبالیات کی نشست کا انعقاد
یکم مئی 2016ء

اقبال کی فکر ملت اسلامیہ کے روشن مستقل کی نوید ہے۔ اقبال کی شخصیت اور فکر مسلمانان ہند کے لیے حیات نو کا پیغام ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے فکر اقبال فورم گوجرانوالہ کی ماہانہ نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی شخصیت کے تین بنیادی اوصاف ہیں: عشق رسول، ملت اسلامیہ سے محبت اور قرآن حکیم پر یقین ۔ اقبال کی شخصیت کے انہی اوصاف نے ان کے پیغام کو ابدی بنا دیا۔ اس نشست کا موضوع علامہ کی معروف نظم طلوع اسلام تھی۔ ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے طلوع اسلام کے پس منظر، مضامین اور موجودہ صورت حال کے تناظر میں اس نظم کی معنویت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نظم طلوع اسلام علامہ کی فکر کے عملی پہلو کی طرف بھی اشارہ کرتی ہے۔ کیونکہ علامہ نے اپنی شاعری سے صرف قوم میں جذبہ حریت ہی پیدا نہیں کیا بلکہ اسلام کے ان عملی پہلووں کی طرف بھی رہنمائی کی جن پر عمل پیرا ہونا ہماری بقا کے لیے ضروری ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے علامہ کے فلسفہ قل العفو کو بطور مثال پیش کیا۔ تقریب سے فکر اقبال فورم کے عہدیداران کیپٹن ریاض انجم اور سید صابر حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں گوجرانوالہ کے تعلیمی اداروں میں اقبالیات کے فروغ کے لیے مشاورت کی گئی۔