Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

یونیورسٹی آف لاہور کے شعبہ علوم اسلامیہ و سوشل سائنسز کے زیر اہتمام 19 اکتوبر 2022 کو سیرت سیمینار

یونیورسٹی آف لاہور کے شعبہ علوم اسلامیہ و سوشل سائنسز کے زیر اہتمام 19 اکتوبر 2022 کو سیرت سیمینار منعقد ہوا۔ اقبال اکادمی پاکستان سے ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے سیرت سیمینار میں شرکت کی۔ انہوں نے علامہ اقبال کی شعری اور نثری تحریروں میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے تذکرے پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی فکر جن بنیادی سرچشموں سے اخذ کی ہے ان میں قرآن حکیم کے بعد سرفہرست حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت ہے۔ علامہ اقبال نے اپنے فلسفہ خودی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انفرادی اور اجتماعی خودی کی تربیت اور حصول کمال کو سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی کے ساتھ مشروط کیا ہے۔
علامہ اقبال نے مولانا روم کے اس فرمان کو اپنے موقف کی تائید کے لئے بیان کیا ہے:
مگسل از ختم الرسل ایام خویش
تکیہ کم کن بر فن و بر گام خویش
یعنی انسانی عقل جتنی بھی ترقی کر لے اخلاقی اقدار اور انسانی زندگی کے کمالات کے اس درجے تک نہیں پہنچ سکتی جو اسے سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی سے میسر آ سکتا ہے۔انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تفہیم اور پیروی کو اپنی زندگی میں ترجیح دیں اس طرح وہ فکر اقبال کو بھی سمجھ سکتے ہیں اور اپنی زندگیوں کو بھی بہتری کی طرف گامزن کر سکتے ہیں۔ تقریب میں ڈین شعبہ علوم اسلامیہ و سوشل سائنسز ، اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اقبال اکادمی پاکستان