Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

نبی پاک ﷺ سےمحبت رکھنے والوں کی خودی کبھی کمزور نہیں ہو سکتی۔ زوال زدہ قومیں گھمنڈ نہیں اپنا محاسبہ کرتی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین

یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اور ایوان اقبال کمپلیکس کے اشتراک سے “اقبال کا فلسفہ خودی اور آج کا نوجوان"کے حوالے سے ۱۷مئی ۲۰۲۱ء کو ایوان اقبال کمپلیکس میں سیمی نار کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان جب کہ ڈائریکٹر اقبال اکادمی پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین اور چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم مہمان اعزاز تھے۔تقریب سے خطاب کرتے صوبائی وزیر جناب فیاض الحق چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اقبال کے فلسفہ خودی کے مطابق اس ملک کو تاریکی کی دلدل سے نکالنے کے لیے مصروف عمل ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان صلاحیتوں میں دنیا کے کسی بھی ملک سے کم نہیں ہمیں چاہیے کہ ہم اقبال کے فلسفہ خودی کے مطابق نوجوان نسل کو صحیح سمت میں گامزن کریں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اقبال اکادمی پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کہا کہ اقبال کے فلسفہ خودی کا مطلب اپنی ذات کا محاسبہ کرنا ہے۔ زوال زدہ قومیں گھمنڈ نہیں اپنا محاسبہ کرتی ہیں۔ ہندوستان میں مجموعی طور پر تقدیر پرستی کا غلبہ تھا۔ کلامِ حافظ سے فال نکالی جاتی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ خودی سوال کرنے سے ضعیف ہو تی ہے۔ جو قومیں دوسروں سے سوال کرتی ہیں وہ کمزور ہو جاتی ہیں۔ خودی کوئی مادی وجود نہیں۔ نبی پاک ﷺسے محبت رکھنے والوں کی خودی کبھی کمزور نہیں ہو سکتی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خودی میں دراصل نوجوان نسل کی بیداری ہے اور ہم اگر آج نوجوان نسل کو علامہ اقبال کے فلسفے کے مطابق ڈھالنے میں کامیاب ہو جائیں تو پاکستان کا مستقبل روشن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال دراصل نوجوان نسل کے شاعر تھے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کے پیغام کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے مستقبل کے لیے بہتر فیصلے کریں۔چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ فکر اقبال سے ہی نوجوانوں کی مثبت تربیت کے عمل کو مکمل کیا جا سکتا ہے اور اس حوالے سے تعلیمی اداروں کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیک گروپ طلبا کی سماجی تربیت کے پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرتا ہے اور آج کی تقریب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ تقریب سے نوجوان اقبال سکالر زید حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ایوان اقبال انجم وحید، وائس چیئرمین یونیک گروپ عفیف اشرف صدیقی ، ریکٹر یونیک گروپ پروفیسر امجد علی خان، ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری، پرنسپل ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ یونیک گروپ پروفیسر فرح سونم ، مینیجر میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز زنیر چوہدری ریاض الحق اور ہارون اکرم گل سمیت اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔









اقبال اکادمی پاکستان