Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام مورخہ ۱۸؍ اکتوبر۲۰۲۱ء کو ایوان اقبال میں ”اقبال اور عشق رسول ﷺ“کے عنوان سے پروقار سیمینار

عشرہ رحمۃ للعالمین کے سلسلے میں اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام مورخہ ۱۸ اکتوبر۲۰۲۱ کو "سیرت النبی ﷺ" سیمی نار کا اہتمام کیا گیا۔ صدارت سینیٹر ولید اقبال نے کی۔ دیگر مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری، ڈاکٹر طاہر مصطفی اور ڈاکٹر طارق شریف زادہ شامل تھے۔ میزبان ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے حرف تشکر پیش کیا۔تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری محمد بشارت علی نے حاصل کی جبکہ نرید فاطمہ نےنعت رسول مقبول ﷺ اور انعم شہزادی نے علامہ اقبال کا نعتیہ کلام پیش کیا۔ سیمی نار میں نمل یونیورسٹی سے طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے سیرت رسول ﷺ کے مختلف پہلوؤں کا بخوبی احاطہ کیا۔
سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ ہمارے لیے ہر میدان میں مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا کلام بھی نبی پاک ﷺ کی محبت اور اللہ کی اطاعت سے بھر پور ہے۔ وہ حضور اکرم ﷺ سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ اگر میرے کلام میں قرآن سے ہٹ کر کوئی بات ہو تو اے نبی پاک آپ ﷺ قیامت کے دن مجھے اپنی شفاعت سے محروم رکھیے گا۔
ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کہا کہ علامہ کی شاعری کا محور حضور ﷺسے انس ہے۔ ہماری عزت، مقام ، درجہ سب حضورﷺکی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو خصوصاً سیرت کی کتب کا مطالعہ کرنا چاہیے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری نے ریاست مدینہ کی سماجی و معاشی اقدار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ریاست مدینہ بنانا ہے تو ضرورت اس امر کی ہے کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی یا کسی بھی بڑے ادارے کے ذریعے رسول اللہ ﷺاور خلفائے راشدین کے کیے گئے عدالتی فیصلوں کوشائع کرکے عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ دفاع کی مضبوطی کے بھی قائل تھے۔ آپ ﷺ نے نئی بستیاں بسانے اور ان کی گلیوں کی چوڑائی کے متعلق بھی آگاہی دی۔ ڈاکٹر طاہر مصطفی نے سیرت نبی ﷺپر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد ﷺ پوری انسانیت کے لیڈر تھے ۔ہمارے نبی رہبر و رہنما تھے۔ انہوں نے توحید کے پرچم تلے آنے کی دعوت دی۔ لیڈر کی حکومت میں کوئی شخص بھی بھوکا نہیں رہتا ۔ ہمیں حضور ﷺسے والہانہ اور غیر مشروط محبت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو رسول پاک ﷺ کی زندگی کے تمام پہلوؤں سے آگاہی ہونی چاہیئے۔
ڈاکٹر طارق شریف زادہ نے کہا کہ دین عمل کا حصہ ہونا چاہیے۔ حضور ﷺکا سب سے مختصر اور جامع تعارف ’’رحمت‘‘ہے۔ حضور ﷺ دشمنوں کے ساتھ جیسا سلوک فرماتے تھے، اگر ہم بھی اس پر عملدرآمد کرنا شروع کر دیں تو زندگیاں آسان ہو جائیں۔

تصاویر