فرما رہے تھے شيخ طريق عمل پہ وعظ


فرما رہے تھے شيخ طريق عمل پہ وعظ
کفار ہند کے ہيں تجارت ميں سخت کوش
مشرک ہيں وہ جو رکھتے ہيں مشرک سے لين دين
ليکن ہماري قوم ہے محروم عقل و ہوش
ناپاک چيز ہوتي ہے کافر کے ہاتھ کي
سن لے، اگر ہے گوش مسلماں کا حق نيوش
اک بادہ کش بھي وعظ کي محفل ميں تھا شريک
جس کے ليے نصيحت واعظ تھي بار گوش
کہنے لگا ستم ہے کہ ايسے قيود کي
پابند ہو تجارت سامان خورد و نوش
ميں نے کہا کہ آپ کو مشکل نہيں کوئي
ہندوستاں ميں ہيں کلمہ گو بھي مے فروش