Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

”یہ غازی یہ تیرے پُراسرار بندے“ کے عنوان سے
اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام کالج و یونیورسٹی کی سطح کے طلبہ کے درمیان کُل پاکستان مقابلہ جات کا انعقاد

اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام کالج و یونیورسٹی کی سطح کے طلبہ کے درمیان کل پاکستان مقابلہ جات کے دوسرے روز۲۰ اگست 2025 کو "یہ غازی یہ تیرے پراسرار بندے" کے عنوان سے یہ سلسلہ جاری رہا۔ یہ مقابلہ جات کلام اقبال مترنم ،مضمون نویسی پر مشتمل تھے۔تقریب کی صدارت ائیر وائس مارشل جناب انور محمود نے کی۔کلمات تشکر ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے پیش کیے ۔نظامت کے فرائض جناب زید حسین نے انجام دئیے۔
جناب انور محمود نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کے افکار کی اہمیت اور ان کے پیغام کی عصری معنویت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کا پیغام عالمگیر ہے، جو نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے طلبہ کی شرکت کو سراہا اور کہا کہ یہ مقابلہ جات نوجوان نسل کو علامہ اقبال کے افکار سے روشناس کرانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔ان مقابلہ جات کے کامیاب انعقاد پراقبال اکادمی پاکستان مبارک باد کی مستحق ہے۔
ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے شکریہ اد اکرتے ہوئے کہا کہ اقبال کا کلام صرف شاعری نہیں، بلکہ ایک مکمل فلسفۂ حیات ہے۔ ان کی شاعری ہمیں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔ آج کے نوجوانوں کو اقبال کے پیغام کو سمجھنے اور اسے اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ علامہ اقبال کے پیغام کو عام کرنے کے لیے اقبال اکادمی مضبوط عزم اور جذبے کا اعادہ کرتی ہے۔ ایسی تقریبات طلبہ میں فکری شعور اجاگر کرنے اور انہیں اپنے اسلاف سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
مقابلہ جات کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والےطلبہ میں جناب انور محموداور ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے انعامات تقسیم کیے ۔ ترنم ، ملی نغموں اور مصوری کے مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو میڈلز، اسناد سے نوازا گیا۔تقریب میں اساتذہ، طلبہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔