Official Website of Allama Iqbal
  bullet سرورق   bullet سوانح bulletتصانیفِ اقبال bulletگیلری bulletکتب خانہ bulletہمارے بارے میں bulletرابطہ  

ادارہ تحقیقات اسلامی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آبادکے زیراہتمام’’شعراقبال میں نقوش سیرتﷺ‘‘کے عنوان سے نشست کا اہتمام

ادارہ تحقیقاتِ اسلامی،بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آبادکے زیراہتمام ۱۷ ؍جولائی ۲۰۲۵ء کو’’شعراقبال میں نقوش سیرتﷺ‘‘کے عنوان سے نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ اس نشست کا مقصد علامہ اقبال کے کلام اور نبی کریم ﷺ کی سیرت کے درمیان رابطہ اجاگر کرناتھا۔نشست کی صدارت ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے کی۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل شریعہ اکیڈمی ، ادارہ تحقیقاتِ اسلامی پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم تھے۔ کلیدی خطبہ سربراہ اقبال چیئربحریہ یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان عاصم نے پیش کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحقیقاتِ اسلامی پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے شرکاء کا استقبال کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، نعت خوانی کا شرف ناصر فرید نے حاصل کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق، نےسیرت اور سماجی تعمیر نو کے حوالے سے خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ اسلامی تعلیمات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم، نےسیرت طیبہ اور اقبال کے پیغام کی مسلم دنیا کے لیے مسلسل اہمیت پر بات کی۔ انہوں نے زور دیا کہ اقبال کا کلام آج بھی مسلمانوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن عاصم نے اقبال کے نبی کریم ﷺ کی سیرت سے روحانی اور فکری تعلق کو اجاگر کیا، جو مسلم احیاء کی بنیاد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقبال نے اپنے کلام میں سیرت سے متاثر ہو کر مسلمانوں کے لیے ایک نئی سوچ پیش کی۔
ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے علامہ محمد اقبال اور سیرت رسول ﷺپر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’شکوہ‘‘، ’’جواب شکوہ‘‘، اور ’’زبور عجم‘‘ جیسے کلام میں سیرت کے نقوش کو نمایاں کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقبال نے نبی کریم ﷺ کی زندگی سے اخذ کرتے ہوئے مسلم امہ کو جوش، جذبہ، اور عمل کی دعوت دی، جو ان کے کلام کی سب سے بڑی خصوصیت ہے۔ انہوں نے ’’ خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے‘‘ کے مصرعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سیرت سے متاثر اقبال کا سب سے بلند پیغام ہے۔علامہ اقبال عملی زندگی میں سیرت رسول ﷺ اور احکام رسول ﷺ پر عمل پیرا رہے۔ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کا مزید کہناتھا کہ اقبال اکادمی اس موضوع پر مزید تحقیقاتی پروگرامز اور کتابوں کی اشاعت کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ اقبال کے سیرت رسولﷺسے مزین کلام کو نئی نسل تک پہنچایا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پرجامعہ محمدی شریف، چنیوٹ کے صدر صاحبزادہ محمد قمر الحق نے منتظمین اور شرکا ءکا شکریہ ادا کیا۔اس پروگرام میں سکالرز، طلبہ، اور فیکلٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا ئے نشست کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقاریب اقبال کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔